صدر جامعہ مولانا ڈاکٹر قاسم محمود کے براڈ وژن اور ان کے والدِ گرامی، بانیٔ جامعہ حضرت اقدس مولانا مفتی محمد مظفر الدین علیہ الرحمہ کی یادگار میں قائم کیا گیا المظفر لینگویج انسٹیٹیوٹ جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم کا ایک نہایت عظیم اور انقلابی تعلیمی منصوبہ ہے۔ یہ ادارہ اس سوچ کا مظہر ہے کہ عصرِ حاضر میں دینی علوم کے ساتھ ساتھ عالمی زبانوں پر عبور حاصل کرنا وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔
یہ انسٹیٹیوٹ تین بڑی اور بین الاقوامی زبانوں عربی، چائنیز اور انگلش کی اعلیٰ تدریس فراہم کر رہا ہے۔ عربی زبان طلبہ کو قرآن و سنت کے فہم میں گہرائی عطا کرتی ہے، انگلش زبان انہیں دنیا بھر کے علمی، تحقیقی اور سائنسی ذخائر تک رسائی دیتی ہے، جبکہ چائنیز زبان انہیں مستقبل کی سپر پاور سے براہِ راست جُڑنے اور پاک-چین اقتصادی راہداری (CPEC) جیسے عظیم منصوبوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
الحمدللہ چائنیز زبان کے لیے جامعہ کو ایک ماہر اور تجربہ کار ٹرینر کی خدمات حاصل ہیں جو طلبہ کو جدید اور عملی انداز میں زبان سکھا رہے ہیں۔ یہ انسٹیٹیوٹ محض زبان کی تعلیم تک محدود نہیں بلکہ طلبہ کی شخصی نشوونما، بین الاقوامی کمیونی کیشن اسکلز اور مستقبل کے کیریئر کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ المظفر لینگویج انسٹیٹیوٹ حکومتِ سندھ کے ٹیکنیکل بورڈ سے ملحق ہے، جس سے یہاں کے کورسز نہ صرف معیاری بلکہ سرکاری طور پر تسلیم شدہ بھی ہیں۔ اس سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کے لیے اعلیٰ اداروں اور مختلف پروفیشنل شعبوں میں داخلے کے دروازے کھل جاتے ہیں۔
ان شاء اللہ یہ لینگویج انسٹیٹیوٹ جلد ہی ایک بین الاقوامی معیار کا مرکز بن کر ابھرے گا، جہاں سے ایسے فضلا تیار ہوں گے جو دین اور دنیا دونوں میں اپنی پہچان بنائیں گے اور امتِ مسلمہ کی علمی و فکری قیادت سنبھالنے کے قابل ہوں گے۔

