الحمد للہ ثم الحمد للہ!
جیسا کہ شفیقُ الاُمۃ حضرت مولانا ڈاکٹر قاسم محمود حفظہ اللہ نے اعلان فرمایا تھا کہ وہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے اُن معصوم بچوں کی کفالت کریں گے جن کے والدین قدرتی آفات کی نذر ہوکر دنیا سے رخصت ہوگئے اور یہ ننھے پھول یتیم ہوکر تنہا رہ گئے، اسی سلسلے میں جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم کی ڈنہ شاخ مدرسہ قاسم العلوم میں ایک باقاعدہ یتامیٰ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
یہاں بونیر، شانگلہ اور بٹگرام کے دور دراز سیلاب زدہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے کئی بچے لائے گئے ہیں، جو ہماری کفالت اسکیم کے زیرِسایہ آئے ہیں۔ الحمدللہ یہ مرکز اُن کے لیے نہ صرف رہائش اور پرورش کا انتظام فراہم کر رہا ہے بلکہ ایک شفیق خاندان جیسا ماحول بھی مہیا کر رہا ہے تاکہ ان کے دلوں سے محرومی کا بوجھ کم ہو اور وہ اعتماد اور عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
ان شاء اللہ، ان یتیم بچوں کو بھرپور شفقت، بہترین پرورش اور معیاری تعلیم و تربیت دی جائے گی۔ یہاں وہ دینی و عصری علوم سیکھیں گے، اچھے اخلاق و کردار سے آراستہ ہوں گے، اور کل کو معاشرے کے ایسے قابل، باکردار اور فعال فرد بنیں گے جو امت و ملت کے لیے قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ثابت ہوں گے۔
یہ یتامیٰ سینٹر دراصل خدمتِ خلق اور اسلامی اخوت کی ایک روشن مثال ہے جو ڈنہ کی سرزمین پر آباد ہوا ہے۔ ہم سب دعا گو ہیں کہ یہ معصوم پھول خوب پھلیں پھولیں، دین و دنیا کی روشنی سے منور ہوں اور ان کا مستقبل خیر و برکت سے لبریز ہو۔
وما ذالک علی اللہ بعزیز۔

