مولانا ڈاکٹر قاسم محمود حفظہ اللہ کی سرپرستی میں الحمدللہ کراچی سے لیکر بٹگرام تک تیس شعبوں میں متعدد ادارے سماج میں اپنی خدمات کی شمع جلانے میں مصروف ہیں۔ یہاں ان کا ذکر کیا جا رہا ہے۔
فاطمہ اکیڈمی میٹروول
میٹروول کی سرزمین پر 1980 کی دہائی میں حضرت اقدس مولانا مفتی محمد مظفر الدین علیہ الرحمہ نے جامع مسجد فاطمہ قائم کرکے اس کے ساتھ مدرسہ تعلیم القرآن کے نام سے حفظ قرآن کے ایک معیاری ادارے کی بنیاد رکھی۔ یہ ادارہ آپ کی سرپرستی میں کراچی کی سطح پر حفظ قرآن کے معیاری ادارے کے طور پر طویل عرصے تک ٹاپ پر رہا۔
حال ہی میں مدرسہ تعلیم القرآن کے نظام و نصاب کو ری کنسٹرکٹ کرکے فاطمہ اکیڈمی میں تبدیل کیا گیا ہے، اب یہاں الحمد للہ ادارے کا سگنیچر پروگرام فاسٹ ٹریک حفظ قرآن سسٹم بہت اچھے انداز میں جاری ہے۔ اس کے علاوہ یہاں پرائمری ایجوکیشن کیلئے تین گریڈز پر مشتمل بہترین نظام قائم ہے۔
فاطمہ اکیڈمی میں بچوں کے معیاری حفظ قرآن مع ارلی اسکولنگ کے ساتھ ساتھ عملی تربیت، اعمال نبوی، اخلاق، صحت و صفائی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ اس مقصد کیلئے فاطمہ اکیڈمی اور جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم میں وقتا فوقتا مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد، نامور علمائے کرام اور ماہرین کے مختلف سیشن کروائے جاتے ہیں، جن سے بچوں کو تعلیم و تربیت و اصلاح کے ساتھ ہم عصر دنیا میں کامیابی کے ساتھ زندگی گزارنے کا شعور ملتا ہے۔
مدرسہ اسماء للبنات
بچیوں کی معیاری دینی تعلیم بہت ضروری ہے، تاکہ وہ زیور علم سے آراستہ ہوکر نہ صرف خود دین اور قرآن و سنت کے احکامات کا شعور حاصل کریں بلکہ آگے جاکر بطور ماں نسل نو کو دینی تہذیب کے سائے میں پروان چڑھاکر امت کو باکردار رجال کار مہیا کریں۔ الحمدللہ میٹروول کی سرزمین پر اسی مقصد کیلئے شفیق الامہ مولانا ڈاکٹر قاسم محمود کے وژن کے مطابق مدرسہ اسماء للبنات کوشاں ہے۔
مشتری انور ووکشینل سینٹر
میٹروول میں مستحق خواتین، بیواؤں، یتیم بچیوں اور عام خواتین کیلئے ایک معیاری سینٹر قائم کیا گیا ہے، جس میں مکمل باپردہ ماحول میں ماہر فیمیل ٹرینرز کے ذریعے سلائی کڑھائی، مہندی، بیکنگ، دستکاری، کشیدہ کاری اور بیوٹیشن کے کورسز پڑھائے جاتے ہیں اور یہ مستحق خواتین اور بچیوں کیلئے فری ہیں۔
المرکز المظفر الاسلامی
حضرت مولانا ڈاکٹر قاسم محمود کے وژن کے مطابق یہ ادارہ ملک بھر میں مساجد و مکاتب قرآنیہ کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ الحمد للہ اس ادارے کے تحت کراچی اور ملک بھر میں درجنوں ادارے قائم ہیں۔ یہ ادارہ نہ صرف مساجد و مکاتب کی تعمیر و مرمت میں حصہ لیتا ہے بلکہ مکاتب کا تمام نظم و نسق بھی دیکھتا ہے۔
فاطمہ زہرا ٹرسٹ
اس ٹرسٹ کے تحت الحمدللہ کئی شعبوں میں پبلک ویلفیئر کی خدمات انجام دی جا رہی ہیں۔ جن میں سے چند نمایاں یہ ہیں۔ سستی روٹی اسکیم، اس کے تحت کراچی میں تین تندور بنارس، میٹروول اور عابد آباد میں قائم ہیں، جہاں روزانہ دو ٹائم آدھی قیمت پر ہر خاص و عام کیلئے روٹیاں دستیاب ہوتی ہیں۔
فری دسترخوان
کراچی میں ایک مستقل دسترخوان بنارس میں قائم ہے، جہاں روزانہ ایک ٹائم معیاری کھانا بالکل مفت فراہم کیا جاتا ہے، جس سے مزدور طبقہ، بے روزگار اور غریب افراد فیضیاب ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ میٹروول میں جمعے کے دن مستقل فری دسترخوان لگایا جاتا ہے۔ رمضان المبارک میں الائی میں دو مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر فری افطار دسترخوان لگائے جاتے ہیں۔
راشن
سینکڑوں رجسٹرڈ مستحق افراد اور بیواؤں کو ماہانہ راشن اور خرچہ فراہم کیا جاتا ہے۔
جہیز پروگرام
مستحق اور بالخصوص یتیم بچیوں کو رجسٹریشن اور مکمل تصدیق کے بعد شادی کے اخراجات اور جہیز کی مد میں خصوصی تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔
فراہمی آب
اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں جہاں جہاں ضرورت ہو، وہاں کنووں کی تعمیر کے ساتھ واٹر سپلائی اسکیموں میں حصہ لیا جاتا ہے۔ الحمدللہ اس پروگرام کے تحت پاشتو الائی ضلع بٹگرام میں لاکھوں روپے لگا کر واٹر ٹینک اور واٹرسپلائی لائن کا بندوبست کیا جا چکا ہے، جس سے ہزاروں افراد فیضیاب ہو رہے ہیں۔
ملبوسات کی فراہمی
موسم بالخصوص سردیوں میں شمالی پہاڑی علاقوں میں غریب اور مستحق افراد کیلئے سردی سے بچاؤ ایک بڑا مسئلہ بن جاتا ہے، الحمدللہ ادارے کے تحت ہر سال ان علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں گرم ملبوسات اور کمبل تقسیم کیے جاتے ہیں۔
مساجد کیلئے صفوں اور مکاتب کیلئے ڈیسکس کی فراہمی
الحمدللہ ہر سال درجنوں مساجد اور مکاتب قرآنیہ کیلئے صفوں، دریوں اور قرآن مجید کی تپائیوں کی تقسیم عمل میں آتی ہے۔ اس کے علاوہ ہزاروں قرآن مجید کے نسخے بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔
ائمہ مساجد کے ساتھ خصوصی تعاون
رمضان المبارک میں ائمہ مساجد اور مدارس کے غریب مدرسین کے ساتھ خصوصی تعاون کیا جاتا ہے، تاکہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ عید اچھے انداز میں گزارسکیں۔
قربانی کا گوشت
کراچی اور شمالی علاقہ جات میں ٹرسٹ کے تحت الحمدللہ ہر سال درجنوں وقف قربانیوں کے ذریعے سینکڑوں غریب و مستحق افراد کو قربانی کا گوشت فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ادارے کے مدرسین کو خصوصی طور پر قربانی کیلئے سالم بکرے بھی دیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ سکون سے قربانی کریں۔
الائی ٹیکنیکل سینٹر بنہ
ضلع بٹگرام کے صدر مقام بنہ میں قائم یہ ادارہ الحمدللہ علاقے کے نوجوانوں کی ہنرکاری اور اسکلز ڈیولپمنٹ کا فرض ادا کر رہا ہے۔ اس کے تحت مختلف ٹیکنیکل اسکلز ماہر ٹرینرز کی نگرانی میں سکھائی جاتی ہیں۔
مدرسہ قاسم العلوم ڈنہ
یہ بچوں کی ابتدائی دینی تعلیم کا معیاری ادارہ ہے جو الائی کے دور دراز مقام ڈنے میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ یہاں بچوں کو تعلیم، یونی فارم، کتب، کھانا سب فری فراہم کیا جاتا ہے۔
القاسم اسکول ڈنہ
یہ بھی ڈنے میں قائم ادارہ ہے، یہاں الحمدللہ اس قدر معیاری تعلیم ہے کہ اسے صوبائی محکمہ تعلیم نے کمیونٹی اسکول کے طور پر ایڈاپ کردیا ہے۔
مدرسہ صغرا للبنات
علاقے کی بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے یہ ادارہ ڈنے میں قائم کیا گیا ہے۔ یہاں ابتدائی دینی تعلیم مکمل فری فراہم کی جاتی ہے۔
ووکشینل سینٹر پاشتو
علاقے کی بچیوں اور خواتین کو ہنر سکھانے کیلئے یہ ادارہ قائم کیا گیا ہے، الحمدللہ اس دور افتادہ پہاڑی علاقے میں اس ادارے کے تحت بچیوں کو معیاری سلائی کڑھائی سکھائی جاتی ہے۔

